ملکہ برطانیہ کے 99سالہ شوہرپرنس فلپ انتقال کر گئے

لندن : برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،بکنگھم پیلس نے انتقال کی تصدیق کر دی۔ آنجہانی کچھ عرصہ سے بیمار تھے ،گزشتہ ماہ لندن کے ہسپتال میں ان کے دل کا آپریشن ہوا جس کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا۔ آنجہانی شہزادہ فلپ اور الزبتھ دوم کی شادی 1947 میں ہوئی ، انہوں نے اپریل 2009 میں برطانوی تاریخ میں ایک فرمانروا کے طویل ترین ہمسفر ہونے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔بکنگھم پیلس سے جاری پیغام کے مطابق پرنس فلپ کی صبح کے وقت قلعہ ونڈسر میں پرسکون موت ہوئی۔شہزادہ فلپ کے انتقال پر وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ پورا برطانیہ ملکہ اور شاہی خاندان کے غم میں شریک ہے ، شہزادہ فلپ ملکہ برطانیہ کے بہترین ہمسفر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا برطانیہ نے ایک عقلمند بزرگ کو کھو دیا ہے ،جو عوامی خدمت کے انوکھے جذبے سے دوچار تھا،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شہزادہ فلپ 10 جون 1921کو یونانی جزیرے کورفو میں پیدا ہوئے ، ان کے والد پرنس اینڈریو کا تعلق ڈنمارک اور یونان کے شاہی خاندانوں سے جبکہ والدہ برطانوی شہزادی تھی، انہوں نے 1939 میں برطانوی بحریہ میں شمولیت اختیار کی، دوسری جنگ عظیم کے دوران بحیرہ روم میں خدمات سر انجام دیں ، 28 فروری 1947میں یونان اور ڈنمارک کے شاہی خانوادے سے لاتعلقی اختیار کرکے برطانوی شہریت حاصل کی، 20 نومبر 1947 کو اپنی کزن شہزادی الزبتھ سے شادی کی، 6 فروری 1952 میں شہزادی الزبتھ کے ملکہ بننے تک برطانوی نیوی میں خدمات سرانجام دیتے رہے ، ملکہ الزبتھ نے 1957 میں شہزادہ فلپ کو برطانوی شہزادے کا منصب دیا، 2011 میں رائل نیوی کا اعزازی سربراہ مقرر کیا۔




