
کوئٹہ : پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چیئرپرسن کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مبین خان خلجی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان عظیم دن کی یاد دلاتا ہے، 23 مارچ 1940کو مسلمانوں نے الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا، آج ہم 23 مارچ 1940ء کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ و چیئرپرسن کیو ڈی اے مبین خان خلجی نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی فکر کرنا ہوگی اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔مبین خان خلجی نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، پاکستان کی سلامتی اور ترقی وخوشحالی کا راز جمہوریت اور بلوچستان کی ترقی میں پوشیدہ ہے، آئینی وقانونی بالا دستی کے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہوسکتے جبکہ ناگزیر ہے کہ آج اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کو مشعلِ راہ بنانے کا عہد کیا جائیں اور ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر وطن عزیز کے استحکام،سلامتی اور بقاء کے لیے حکومت اور افواج پاکستان کا ساتھ دیا جائیں۔



