کھیل

بیٹسمین شراکتوں کے آسان پلان پر قائم نہیں رہ سکے ،یونس خان

کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین شراکتوں کے آسان پلان پر قائم نہیں رہ سکے جنہوں نے کین ولیمسن سمیت دیگر کیوی بیٹسمینوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا البتہ محمد رضوان اور فہیم اشرف نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے مشکلات کم کردیں۔یونس خان کا کہنا تھا کہ بالکل سادہ سا منصوبہ یہ تھا کہ وکٹ پر کچھ وقت گزار کر اگلا گیئر لگایا جائے مگر یکے بعد وکٹیں گنوا کر یہ موقع ضائع کردیا گیا اور سنچری شراکت کے بعد محمد رضوان کا رن آؤٹ ہونا ٹیم کو اسی جگہ لے گیا جہاں سے اس شراکت کا آغاز ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ شراکتیں نوجوان ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتیں جن کیلئے کبھی مخالف ٹیم سے بھی سیکھنا پڑتا ہے جس کے کپتان کین ولیمسن نے ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد دو سے تین قیمتی شراکتیں قائم کر کے صورتحال سنبھالی اور پاکستانی ٹیم اسی جگہ مات کھا گئی۔یونس خان کا کہنا تھا کہ فی الوقت پاکستانی ٹیم بیک فٹ پر محسوس ہو رہی ہے لیکن آخری دن کی صورتحال کھیل کی حقیقی تشریح کرے گی کہ میچ بچانے یا جیتنے کیلئے گرین شرٹس کی پلاننگ کیا ہوگی البتہ قدرے سست ہو جانے والی وکٹ پر کامیابی کیلئے کیویز کو بہادرانہ فیصلوں کی ضرورت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ تجربہ کار کین ولیمسن یقینی طور پر چوتھے روز اننگز ڈیکلیئرڈ کردیں گے جس کیلئے پاکستانی ٹیم تیار ہے ۔بیٹنگ کوچ نے بطور کپتان محمد رضوان کی ذمہ دارانہ اور فہیم اشرف کی عمدہ اننگز کو ان کے نیچرل کھیل کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ فہیم اشرف خود کو اس آل راؤنڈر کے روپ میں ڈھال رہے ہیں جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button