اساتذہ کے پر امن اجتماع پر شیلنگ، لاٹھی چارج اور گرفتاری شرمناک ہے: محمد جاوید قصوری

0 37

لاہور : امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بنی گالہ اسلام آباد میں اساتذہ کے پر امن احتجاج پر شیلنگ، لاٹھی چارج اور گرفتاریاں انتہائی شرمناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔

 گزشتہ کئی روز سے پنجاب کے کنٹریکٹ اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنا دے رہے ہیں۔ مگر مجال ہے قوم کے ان معماروں پر حکومت کے کسی نمائندے کی نظر پڑی ہو۔ نا اہل اور ناکام حکومت کی وجہ سے ملک میں بسنے والا ہر طبقہ پریشان اور سڑکوں پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے پر امن مظاہرے پر جس انداز میں تشدد کیا گیا اس نے ڈکٹیٹر شپ کے دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمار امطالبہ ہے کہ اساتذہ کے حقوق اور تمام جائز مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں۔ ہم ہر پلیٹ فارم پر ان کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ طاقت کا بے دریغ استعمال اور اس کے نتیجے میں اساتذہ کرام کی گرفتاریاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حکومت کے پاس ملکی معاملات کو چلانے کے لیے اہلیت کی کمی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اساتذہ اکرام اس ملک کا مستقبل ہیں۔ جس یوتھ کو عمران خان نے متاثر کرکے اقتدار حاصل کیا تھا، آج وہی یوتھ بے یارو مددگار ہے۔ ان کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت نے اڑھائی برسوں میں محض طفل تسلیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ملک کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ افرادی قوت رکھنے کے باوجود ملکی حالات دن بدن دگرگوں ہوتے چلے جارہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کسی بھی ملک میں نوجوانوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ المیہ یہ ہے کہ ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر ہر سال 8ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بیرون ممالک کا رخ کرلیتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.