مینار پاکستان میں آج پی ڈی ایم کا میدان سجے گا، جلسے کے لئے پنڈال تیار

0 29

لاہور: مینار پاکستان میں آج پی ڈی ایم کا میدان سجے گا، جلسے کے لئے پنڈال تیار کر لیا گیا۔ منتظمین کے مطابق پنڈال میں 40 ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئیں۔ جلسے سے مولانا فضل الرحمن،بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، اختر مینگل سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

120 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑا سٹیج تیار کر لیا گیا، پنڈال پی ڈی ایم جماعتوں کے پرچموں سے سج گیا۔ جلسہ گاہ کے اطراف پی ڈی ایم قائدین کی تصاویر پر مبنی قد آور فلیکسز بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ سٹیج پر مرکزی ایس ایم جی 80 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی لگائی جائے گی،15 فٹ لمبی 10 فٹ چوڑی مزید دس ایس ایم جیز پنڈال میں لگائی جا رہی ہیں۔ ساؤنڈ سسٹم بھی پنڈال میں نصب کر دیا گیا ہے، جنریٹرز بھی منگوا لئے۔

سیکورٹی کے لئے انصار السلام کے رضا کار متحرک ہیں، تین ہزار ڈنڈا بردار انصار السلام کے رضاکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ایک سو انصار السلام کے رضا کار انٹیلی جنس کے امور سنبھالیں گے۔

وی وی آئی پی مہمانوں کی آمد گیٹ نمبر 3 سے ہوگی جبکہ خواتین گیٹ نمبر 4 اور دیگر شرکا گیٹ نمبر 5 سے آئیں گے۔پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن پنڈال میں ابھی سے موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے آج کے جلسے کے حوالے سے کہا کہ لاہور کےجیالے چئیرمین بلاول بھٹو کا والہانہ استقبال کریں گے۔ جلسہ حکمرانوں کی نیندیں اڑا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج کٹھ پتلی حکمرانوں کو الوداع کہنے آئیں گے۔ حکومت کے گالم گلوچ بریگیڈ کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔لاہوری آج مہنگائی،غربت اور بے روزگاری سے نجات کیلئے نکلیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم کٹھ پتلی کو نکال کر کسی مداخلت کے بغیر الیکشن چاہتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے جلسے سے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، اختر مینگل سمیت دیگر قائدین جلسے سے خطاب کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.