کرغزستان کے صدر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر مستعفی
وسطی ایشیا کے ملک کرغزستان کے صدر سورونبائی جین بے کوف الیکشن میں دھاندلی کے الزامات اور حکومت مخالف مظاہروں کے بعد مستعفی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر بے کوف نے مستعفی ہوتے ہوئے کہا کہ وہ سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم اور خونریزی سے بچنے کے لیے اپنے عہدے کی قربانی دے رہے ہیں۔
صدر بے کوف نے کہا کہ اگر مظاہرین نے ایوان صدر تک مارچ کیا تو خونریزی ہوسکتی ہے، کیونکہ فوج اور پولیس سرکاری رہائش گاہ کو بچانے کے لیے ہتھیار استعمال کریں گی جس کے نتیجے میں خون بہے گا اور میں ایسا نہیں چاہتا، اسی لیے میں دونوں فریقین پر اشتعال انگیزی سے باز رہنے کےلیے زور دیتا ہوں، میں ملکی تاریخ میں ایسا صدر کہلوانا نہیں چاہتا جس نے اپنے ہی شہریوں کا خون بہایا ہو۔