
کوئٹہ : اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزراء کا محکمہ تعمیرات و مواصلات کے احتجاجی ملازمین سے مذاکرات کامیاب حکومتی وفد نے ایک ہفتہ کی مہلت کی استدعا کی گزشتہ روز آل بلوچستان کلرک اینڈ ٹیکنیکل ایمپلائز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرکزی صدر حاجی شکر خان رئیسانی کی سربراہی میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے نکالے گئے ملازمین اور ان کے بچوں کے ہمراہ کفن پوش دھرنا دیا گیا دھرنا 6 گھنٹے جاری رہا بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے اختتام پر اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو صوبائی وزراء و مشیروں سردار عبدالرحمان کھیتران‘ ملک نعیم خان بازئی‘ حاجی محمد خان لہڑی‘ نومنتخب رکن اسمبلی خلیل جارج نے احتجاجی ملازمین سے مذاکرات کئے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملازمین کے مسائل حکومت ہی نے حل کرنے ہیں جب گھر میں فاقے یا مشکلات ہوں تو لوگ روڈوں پر آتے ہیں حکومت کی بھی اپنی مجبوریاں ہیں ملازمین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے گھروں کو جائیں میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ آپ کے مسائل کے لئے حکومت وقت سے خود بات کرونگا۔




