
کوئٹہ : گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہاہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ روایتی ڈگریوں کے مقابلے میں جدید تیکنیکی مہارت کی ڈگریوں کی اہمیت و افادیت مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھائیں تاکہ وہ کامیاب خوشحال زندگی گزارنے کے قابل ہو جائیں. انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں نادار اور مستحق افراد کی مالی معاونت اور ان کو ہنرمند بنانے کے حوالے سے انجام دی گئیں خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں اسلامک ریلیف کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے سربراہ نصیر احمد ناصر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر عبدالناصر دوتانی، ڈائریکٹر امان اللہ رند، ایڈووکیٹ رضوان کاسی، انجنئیر بشیر آغا اور فیضان بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ تمام معاشی و معاشرتی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت و شمولیت کو پالیسی سازی کا لازمی حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے شعوری کاوشیں کر رہی ہے. اس کے علاوہ ہمیں صوبے میں فنی وتیکنیکی اداروں کی فعالیت اور اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔




