
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان اس وقت ملک کا بال ٹھاکرے بنا ہوا ہے اس کی خواہش ہے وہ عدلیہ سمیت تمام اداروں پردباؤ رکھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات لاہورمیں سپریم کورٹ رجسٹری آفس پر دھاوا بولا گیا، اور کل کے دھرنوں میں ملکی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی، ہم اس کو عدلیہ پر حملہ تصویر کرتے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایسی جماعت کی قیادت کے خلاف کاررائی کی جائے، سپریم کورٹ گزشتہ رات ہونے والے اس حملے کا نوٹس لے۔
وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ عمران کی خواہش ہے وہ عدلیہ سمیت تمام اداروں پردباؤ رکھے، وہ چاہتا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ آئے، اور الیکشن کمیشن پر بھی دبائو رکھنا چاہتا ہے، عمران خان اس وقت ملک کا بال ٹھاکرے بنا ہوا ہے۔



