
پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے اسپتالوں پر قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں،کبھی سندھ کے جزیرے اور کبھی سندھ کے اسپتال، یہ تماشہ نہیں چلے گا،سندھ حکومت این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ بہترین طریقے سے چلا رہی ہے، شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ اندرون اور بیرونِ ملک سے لوگ بہترین علاج کے لیئے کراچی کے اسپتالوں میں آتے ہیں ان اسپتالوں میں غریب اور متوسط طبقے کے لیئے مفت اور معیاری علاج ہوتا ہے،
اسپتالوں کی نجکاری کرکے مفت علاج کی سہولت چھینی جا رہی ہے،پہلے ہر چیز مہنگی کی اور اب علاج کو بھی مہنگا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کا ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے،
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے غیر آئینی آرڈیننس کے ذریعے اسپتالوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے،وفاقی حکومت نے پمز اور پولی کلینک اسلام آباد کا کیا حل نکالا ہے؟آٹھ سالوں میں پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخواہ میں کتنے معیاری اسپتال قائم کیئے؟۔




