اہم خبریںپاکستان

پاکستان میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کو تمام حقوق میسر، رپورٹ جاری

پاکستان ایک پر امن ملک ہے جہاں تمام عقائد اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی سے زندگی بسر کر رہے ہیں اور انہیں تمام تر حقوق پوری طرح سے میسر ہیں۔

کشمیر سروس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو اقلیتوں کے لئے محفوظ سمجھا جاتا ہے جو اپنی مرضی سے اپنے مذہبی اقدار پر عمل پیرا ہوسکتے ہیں اور معاشرے میں کسی بھی عقیدے کے خلاف کوئی امتیاز نہیں پایا جاتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عام طور پر مسلمانوں، عیسائیوں ، ہندوﺅں اور سکھوں سمیت تمام عقائد کے پیروکار باہم مل کر پر امن طریقے سے زندگی بسر کرہے ہیں ۔ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے ضروری ہے کہ قرآن مجید اور سنت کے مطابق مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کسی بھی مذہب کا امتیاز کیے بغیر ہر فرد کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ سمیت پاکستان کے بانیوں کا بھی یہی تصور تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب سے وابستہ لوگوں کا ملک ہوگا ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ آئین پاکستان کے تحت تمام مذاہب کے پیروکار پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ شرپسند اور غیر ملکی عناصر پاکستان کے اندر مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ فرقہ پرست اور بدخواہ عناصر دشمنوں کے تعاون سے پاکستان میں فرقہ وارانہ اور مذہبی تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت نے ملک میں فرقہ وارانہ اور مذہبی تناؤ پیدا کرنے میں ملوث تمام افراد کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان کی پالیسیاں ملک میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ گزشتہ برس سکھوں کے لئے کرتار پور راہداری کا افتتاح ایک اچھی مثال ہے کہ بطور ریاست پاکستان مذہبی آزادی کو ترجیح دیتا ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے فروری 2020 میں پاکستان کے دورے کے دوران یہاں موجود بین المذاہب ہم آہنگی کو سراہا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button