
کو ئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اے این پی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پو را کر نے کے لئے جدوجہد کررہی ہے، کوئٹہ سمیت پشتون علاقوں میں اے این پی اپنی بساط کے مطابق ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے،کوئٹہ میں باچاخان ہسپتال، قلعہ عبداللہ میں بی آر سی کالج سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبے زور و شور سے جاری ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اے این پی نے ہر دور میں مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور حالات کی بہتری کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہیں اور ہر دور میں ہر جابر کا مقابلہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت میں ہوتے ہوئے اے این پی نے عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے اور باقی وعدے ایک دو سال میں پورے کئے جائیں گے۔ عوام نے جس مقصد کے لئے ہمیں ووٹ دیا ہے اس مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، قلعہ عبداللہ سمیت پشتون علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی عمل جاری ہے، کوئٹہ میں باچاخان ہسپتال آخری مراحل میں ہیں جس سے نواں کلی اور گرد ونواح کے علاقوں کے لوگوں کی صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی میدان میں بھی بڑے پیمانے پرکام ہورہا ہے، کالجوں اور سکولوں کی بہتری کے لئے کروڑوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پشتون بیلٹ کے پسماندہ علاقوں میں نوجوان طبقے کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے حصول کے لئے جدوجہد کریں کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اس لئے ہم تعلیمی میدان میں ترقی کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔




