ملک میں نئی حکومت کا قیام خوش آئند ہے : ثمینہ زہری
کوئٹہ : ثمینہ ممتاز زہری نے ملک کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہونے پر میاں محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے میاں محمد شہباز شریف کوپاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے اور ملک میں نئی حکومت کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں میاں محمد شہباز شریف کے بطور وزیراعظم انتخاب کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے ملک ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوگا اور شہباز شریف اپنے وژن کے مطابق پاکستان کے لئے بہترین اور محنتی کابینہ تشکیل دیں گے جو کہ ملک کو درپیش مختلف مسائل کے حل کے لئے ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم میاں شہبا ز شریف آئین اور جمہوریت کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملکی ترقی و استحکام کے لئے میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلے کریں گے اورہر قسم کی انتقامی سیاست کو پس پشت ڈال کرتمام صوبوں کو یکساں طور پر ساتھ لے کر چلیں گے۔اپنی توجہ صرف اور صرف ملک و قوم کی خوشحالی اور اس میں بسنے والی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات پر رکھیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان قیام پاکستان سے لے کر اب تک پسماندہ صوبہ کہلاتا آ رہا ہے۔ملکی و غیر ملکی شر پسند عناصر کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی سمیت صوبہ بلوچستان کو ہمیشہ مختلف مسائل کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ نو منتخب وزیراعظم بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی فوری اور بھرپوراقدامات کریں گے تاکہ بلوچستان بھی ترقی و خوشحالی کی دوڑ میں دیگر صوبوں کے برابر آ جائے۔