پاکستان

پی ڈی ایم اب نہیں رہی، اس میں واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میاں افتخار

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما میاں افتخار نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس دے کر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) توڑ دی گئی اور پی ڈی ایم اب نہیں رہی تو اس میں واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد نے نیر بخاری کی قیادت میں چارسدہ میں اے این پی کے وفد سے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کا وفد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اے این پی کے پاس ولی باغ حاضر ہوا اور ہم بالخصوص اسفند یار ولی کی مزاج پرسی کے لیے آئے جن کی طبیعت ناساز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملاقات میں اسفند یار کی طبیعت دریافت کی گئی اور ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی، جس میں خصوصی طور پر اے این پی کی جانب سے پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس پر علیحدگی کے اعلان پر بھی گفتگو کی گئی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ موجودہ صورتحال ہم خیال جماعتوں میں تعاون مزید بڑھنا چاہیے اور موجودہ ملکی صورتحال میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر ترقی پسند جماعتیں مل کر کوئی لائحہ عمل اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 11 تاریخ کو کراچی میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پیپلزل پارٹی مستقبل کے فیصلے کا اعلان کرے گی اور یہ بحث بھی ہو گی کہ ہمیں مستقبل میں کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی ترقی پسند جماعتیں ہیں جن کا ماضی میں بھی ایک دوسرے سے تعاون رہا ہے بالخصوص 2008 سے 2013 تک دونوں کی اتحادی حکومت تھی جس میں بہت اچھے تعلقات تھے اور ہم ان تعلقات کو مستقبل میں بھی قائم رکھنا چاہتے ہیں۔

پی ڈی ایم سے علیحدگی کے حوالے سے سوال پر نیر بخاری نے کہا کہ ہماری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 11 اپریل کو ہے اور اس میں جو فیصلہ ہو گا پیپلز پارٹی اسی کا اعلان کرے گی کیونکہ ہماری پارٹی کا پالیسی ساز ادارہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ہے تو اسی میں مستقبل کی پالیسیوں کا فیصلہ ہو گا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار نے پیپلز پارٹی کے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے علیحدہ ہوئے بلکہ پی ڈی ایم انہوں نے توڑ دی تو اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا کیونکہ شوکاز نوٹس بھیجنا ہی پی ڈی ایم توڑنے کے مترادف تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے بڑا ظلم کیا کیونکہ ہمارا جمہوری اتحاد کامیابی کی طرف گامزن تھا لیکن اسے بیچ میں مسئلہ کھڑا کر کے اس طرح کی فضا پیدا کر کے توڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں شوکاز نوٹس بھیجا گیا حالانکہ پی ڈی ایم کا نہ کوئی آئین ہے، نہ کوئی ضابطہ تھا، ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ سربراہی اجلاس بلا کر اس میں یہ بات کر لیں گے اور اس کا حل نکلنا کوئی مشکل نہیں تھا، نجانے انہیں کس چیز کی جلدی تھی جو یہ افسوسناک قدم اٹھایا گیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی بحالی اور دھاندلی زدہ حکومت کے خاتمے کے لیے جو کچھ کرنا تھا کر لیا اور ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی کہ جعلی مینڈیٹ سے آئی ہوئی حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button