
پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے بعد علیم خان گروپ نے بھی وزارتِ اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مبینہ غیر ملکی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنے کا کہا ہے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی ہے اور کہا کہ فوج کے نیوٹرل رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز سنیچر کی شام عبدالعلیم خان کے دفتر پہنچے جہاں اُنھوں نے عبدالعلیم خان گروپ کے نو اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ علیم خان نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں تمام ساتھیوں سمیت متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
علیم خان گروپ کے میاں خالد محمود، اشرف رند، علمدار قریشی، اویس دریشک، ہارون عمران گل، عائشہ چوہدری، خرم لغاری اور ساجدہ یوسف بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے وفد میں رانا ثناء اللہ، اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، سعود مجید اور عطا اللہ تارڑ شامل تھے۔


