عمرہ سیزن،سعودی عرب میں 1کروڑ زائرین کی آمد متوقع،تیاریاں مکمل

سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 1 کروڑعمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد متوقع ہے جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بتایا گیا کہ حج وعمرے پر کام کرنے والے تمام ادارے 1 کروڑ زائرین کے ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔
اس حوالے سے بیرون ملک ایجنٹوں کو تیارکرلیا گیا ہے جبکہ تمام غیرملکی ایجنٹوں کو آن لائن سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے۔
اندرون ملک عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے 500 کمپنیاں کام کریں گی جب کہ وزارتِ حج سےاجازت یافتہ 2000 سے زیادہ ایجنٹوں کو اجازت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ وزارت حج و عمرہ کی نگرانی میں 34 پورٹل سےعمرہ پیکجز اور خدمات متعارف ہوں گے۔
عمرہ پیکیجزخریدنے کے لیے ویزا اور ماسٹر کارڈ کے علاوہ چند بینکوں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 68 کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 1900 ہوٹلوں کو بھی تیار کیا گیا ہے جو مختلف کیٹگریز میں رہائش کی سہولتیں فراہم کریں گی۔
عمرہ سیزن کا آغاز یکم محرم الحرام 1444ھ سے ہوگا۔



