او آئی سی اجلاس شروع، عراقی وزیراعظم کی ثالثی کیلئے پاکستان کی ستائش

0

عراقی دارالحکومت بغداد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا 52واں اجلاس شروع ہو گیا، عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے اجلاس کا افتتاح کیا۔ عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، اسلامی دنیا کو بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کو مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی، فلسطینیوں کو انصاف اور ان کے حقوق کی فراہمی علاقائی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، جدہ میں او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے فواد شیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ عہدیدار کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ملک میں اپنی مصروفیات اور بعض دیگر اہم امور کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بغداد پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، اس تناظر میں رکن ممالک کے نمائندے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس میں مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.