
سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ ہم نے نہ آئینِ پاکستان سیکھا اور نہ ہی آئین کا ترجمہ پڑھا جبکہ لوگوں کی ہوس نے آئین کو ٹھکرایا اور آئین کے محافظوں نے ہی دستور کے تحفظ کی قسم توڑی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے زیر اہتمام ‘بنیادی حقوق اور آئین’ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو 50 سال ہونے کو ہیں، قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کا آئین جمہوری ہوگا اور اسلامی قوانین پر مبنی ہوگا، قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ اسلام میں سب برابر ہیں اور عدل و انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو تحفظ دیتا ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق کیوں نہ رکھتا ہو، مسلم لیگ کا جھنڈا سبز اور اس پر چاند اور تارا تھا لیکن پاکستان کے جھنڈے میں سفید پٹی بھی ہے، پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے لہٰذا مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اقلیتوں کو بھی انصاف مہیا کرے۔




