بھارتی وزیر اعظم کی آج ڈھاکہ آمد،شہر میں مودی کیخلاف ہنگامے ،جھڑپیں،40زخمی

ڈھاکہ : پولیس کی شیلنگ سے 40مظاہرین زخمی ہوگئے ،نمازجمعہ کے بعدآج بڑے احتجاجی مظاہروں کاامکان ہے ،جمعرات کی صبح ڈھاکہ میں سینکڑوں طلبا مودی کے دورے کے خلاف جمع ہوئے ،طلبا نے مودی کا پتلا نذرآتش کیا،انہوں نے نعرے لگائے کہ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے قاتل کو ہم خوش آمدید نہیں کہیں گے ۔پولیس نے احتجاج کرنیوالے طلبا پر بدترین لاٹھی چارج اورشیلنگ کی جس سے 40 طلبا ز خمی ہوگئے ،جواب میں طلبا نے پولیس پر پتھرائو کیا۔ڈھاکہ یونیورسٹی کے 45 طلبا کو پولیس نے حراست میں لے لیا، طلبا کے ترجمان نے کہاکہ مظاہرے میں 2ہزار طلباو طالبات نے شرکت کی،ڈھاکہ میں مدرسے کے ہزاروں طلبا نے بھی مودی کی آمد کے خلاف مظاہرہ کیامظاہرین نے گائے ذبح کی۔نمازجمعہ کے بعد آج شہر میں بڑے مظاہروں کا امکان ہے ،جس کے بعد پولیس نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کردیئے ہیں۔ادھر بھارتی وزیر اعظم آج صبح ڈھاکہ کے شاہ جلال ایئرپورٹ پر اتریں گے جہاں بنگلہ دیشی ہم منصب حسینہ واجد ان کا استقبال کریں گی،ایئر پورٹ پر بھارتی وزیر اعظم کو19توپوں کی سلامی دی جائے گی،بھارتی وزیر اعظم کا یہ دورہ بنگلہ دیش کے قیام کے 50سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں ہے ،ایئر پورٹ سے روانہ ہوتے ہوئے مودی یادگار شہدا پر حاضری دیں گے ،اس کے بعد وہ شیخ مجیب کی قبر پربھی جائیں گے ۔جمعہ کی سہ پہر وہ یوم آزادی پر بنگلہ دیشی فورسز کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ،جمعہ کی رات مودی اور حسینہ واجد شیخ مجیب میوزیم کا بھی افتتاح کریں گے ،مودی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ شیخ حسینہ واجد سے کافی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔




