
کوئٹہ ( اسپورٹس ڈیسک)چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا جب آرمی،پنجاب وائٹس اور واپڈا نے حریفوں کو ٹھکانے لگا دیا جس میں سفیر حسین کی ہیٹ ٹرک نمایاں رہی۔ ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیراہتمام جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی جاری ایونٹ میں پنجاب وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو سخت مقابلے کے بعد دو،صفر سے ہرادیا،ارسل اور عذیر نے گول اسکور کئے ۔پاکستان آرمی نے سفیر حسین کی ایونٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک اور محمد ارسلان کے دو گولز کی بدولت سندھ وائٹس کو چھ،ایک سے ٹھکانے لگا دیا۔ تیسرے میچ میں واپڈا نے اسلام آباد کو یکطرفہ مقابلے میں پانچ،صفر سے زیر کرلیا،فاتح ٹیم کے رانا وحید نے دو جبکہ علی عزیز، اعجاز احمد اور توثیق ارشد نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔




