
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے بلائے گئے اجلاس میں تاخیر پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں آج وزیراعلیٰ پنجاب کے تخت کا فیصلہ ہونا ہے، اور ارکان صوبائی اسمبلی کو آج 4 بجے بلایا گیا تھا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈھائی گھنٹے کی تاخیر ہوچکی ہے اور تاحال اسمبلی کا اجلاس شروع نہیں ہوسکا، جس پر پی ٹی آئی نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں غیر ضروری تاخیر سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تاخیر پر پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وکلاء کو توہین عدالت کی کاروائی کے لئے کہہ دیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اب سے کچھ دیر بعد ڈپٹی اسپیکر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی ایوان میں موجود ہیں، اجلاس کے لئے گھنٹیاں بجنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، تاہم پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈھائی گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہونے کے باوجود اجلاس شروع نہیں ہوسکا۔




