
کراچی : پاکستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے موسم کا رجحان ریکارڈ قائم کررہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 60 برسوں میں فروری 2021 تیسرا سب سے خشک ترین مہینہ رہا۔
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل جنوری 2021 کو 1961 کے بعد 17 واں سب سے خشک مہینہ قرار دیا تھا۔ جہاں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں اوسط سے کم بارش ہوئی وہیں فروری میں اوسط درجہ حرارت کم سے کم 3.35 سینٹی گریڈ رہا۔
پیر کو جاری ہونے والے ‘پاکستان کی ماہانہ آب و ہوا کا خلاصہ، فروری 2021’ میں محکمہ موسمیات نے تفصیلی اعداد و شمار، تیزی سے بدلتے ہوئے موسم کے نمونے اور تقابلی تجزیہ پیش کیا جو ملک کے آب و ہوا کے محاذ پر تشویش کی نشاندہی کرتا ہے۔سمری میں کہا گیا ہے کہ فروری 2021 پاکستان کے لیے ریکارڈ ترین گرم اور سب سے خشک مہینہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘فروری 2021 میں قومی سطح پر بارش معمول سے 84 فیصد کم ہوئی، 1921 کے بعد فروری 2021 ملک میں تیسرا سب سے خشک ترین مہینہ رہا، تمام 6 انتظامی علاقوں میں ماہانہ بارش کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی’۔محکمہ موسمیات کے مطالعے کے مطابق فروری 2021 سندھ اور پنجاب کے لیے ریکارڈ ترین خشک مہینہ تھا، بلوچستان کے لیے دوسرا خشک ترین اور خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے پانچواں بارش کی کمی کا مہینہ تھا۔




