ناگن چورنگی، نیو کراچی، سرجانی، نیا ناظم آباد میں تاحال برساتی پانی موجود

0 36

کراچی میں مون سون کی بارشوں سے ناگن چورنگی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن اور نیا ناظم آباد میں سڑکوں پر جمع ہونے والا برساتی پانی تاحال نہیں نکالا جا سکا ہے۔

برساتی پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث مکین اپنا مسکن چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ کراچی میں مون سون کی بارشوں سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، ضلع وسطی سمیت شہر کے پہلے سے زیرِ آب علاقوں کی صورتِ حال مزید خراب ہو گئی ہے۔

نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں نالے ابلنے سے پانی سڑکوں، گلیوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔ تجاوزات کی وجہ سے نالوں کی صفائی نہیں ہو سکی جس کے سبب حیدری مارکیٹ کا نالہ بھی ابل گیا، جس کے نتیجے میں ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والی سڑک پر بھی برساتی پانی کھڑا ہے۔

سرجانی ٹاؤن میں یوسف گوٹھ، بسمہ ٹاؤن، سیکٹر فور بی سمیت قریبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے باعث لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

رینجرز اور ایدھی کے رضاکاروں نے ٹرکوں اور کشتیوں کی مدد سے 200 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

بارش اور سیوریج کا پانی شفیق موڑ، عائشہ منزل، واٹر پمپ، انچولی، لنڈی کوتل چورنگی، نیا ناظم آباد، ملیر اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بھی تاحال موجود ہے۔

تیز برسات کے باعث ملیر ندی اوور فلو ہو گئی اور پانی سڑک پر آنے کے باعث کورنگی کاز وے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

گجر نالے میں ڈوبنے والے 2 افراد میں سے 1 کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دوسرے کی لاش نکال لی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.