وفاق اور سندھ کی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس، کراچی میں وفاقی منصوبوں پر کام تیز کرنے کا فیصلہ

0 34

کراچی:  وفاق اور سندھ کی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس،کراچی میں وفاقی منصوبوں پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی وزیر اسد عمر کاکہناہےکہ شہر قائد میں بے انتہا مسائل، حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہےہیں، ٹرانسپورٹ، واٹر، سیوریج، سالڈ ویسٹ، اسٹرام ڈرین اور سڑکوں کی تعمیر پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہوگا، صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہاہےکہ اجلاس میں کراچی کے نالوں کی صفائی ، پیر سے تجاوزات ہٹانے اوررہائش پذیر افراد کو متبادل جگہ فراہم کرنیکا فیصلہ کرلیا گیاہے۔

وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین کے بی فیڈر کی لائننگ کے کام کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سعید غنی، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی، امین الحق اجلاس میں شریک ہوئے،اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی بھی موجودتھے،اسلام آباد سے وڈیو لنک پر چیئرمین این ڈی ایم اے اور سیکریٹری پلاننگ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی کے نالوں کی صفائی پر بات چیت ہوئی اورنالوں کی صفائی کیلئے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا،وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ ایسی تجاوزات جہاں پر رہائش نہیں انکو پیر سے ہٹایا جائے گا،ایسی جگہ جہاں لوگ رہائش پذیر ہیں انکی متبادل رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔

اجلاس میں سندھ حکومت نے انڈس انٹر ہائی وے کے جامشورو سہون سیشکن پر کام کی سست رفتاری کی نشاندہی کی اوراس سیکشن کی تعمیر کیلئے سندھ حکومت 7 ارب روپے وفاق کو دے چکی ہے۔اجلاس میں جامشورو،سہون سیکشن پر کام تیز کرنے کا فیصلہ ہوا اورکے بی فیڈر کی لائننگ کا مسئلہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ کے مطابق کے بی فیڈر کی لائننگ سے پانی کی سیپیج رک سکتی ہے جس سے پانی مزید بچایا جاسکتا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے بی فیڈر کی لائننگ کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک سندھ کے وزراکا موقف تھا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی وفاق کی جانب سے جاری کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے۔اجلاس کے شرکا نے کراچی میں بارشوں سے پیدا صورتحال پر بھی بات چیت کی اور شہری مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زوردیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل مقصد کراچی کے عوام کے لئے کام کرنا ہے بجائے اسکے کہ کام کرنے کا سہرا کس کے سر جاتا ہے، ہمیں کراچی اور اس میں بسنے والے شہریوں کے لئے کام کرنا ہے، کراچی میں اس وقت بے تحاشہ مسائل ہیں اور ان کے حل کے لئے وفاقی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے،کراچی کے اراکین اسمبلی سے میٹنگ میں فائنل کیے گئے پراجیکٹس پر بھی گفتگو ہوئی۔

کراچی کی ترقی کے لئے وفاق اور سندھ کے درمیان کمیٹی 6مین سیکٹرز میں کام کرے گی،ٹرانسپورٹ، واٹر، سیوریج، سالڈ ویسٹ، اسٹرام ڈرین، روڈ کی تعمیر پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہوگا۔فنڈنگ، سربراہی اور ایگزہلیٹنگ ایجنسی پربھی گفتگو ہوئی۔وفاق سے سیکریٹری پی این ڈی اور صوبے سے بھی سیکریٹری پی این ڈی سی اس مرحلے کو دیکھیں گے۔ کراچی کی ترقی کے لیے سب مل کر بہتر کام کریں گے کیونکہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے ہی ممکن ہے

۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ شہر کے ساتھ ہمیشہ سیاست کی گئی، مسائل کے حل کے لئے کوئی سنجیدہ نہیں تھا، ملک کا معاشی حب مسائل کی دلدل میں گھرا ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کے مسائل پر خصوصی توجہ ہے اور انکی ہدایات کے مطابق شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ کراچی کے شہریوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا ہے، تحریک انصاف کراچی کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.