روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو زہر دے دیا گیا
روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی دوران پرواز زہر دیے جانے سے بیمار پڑنے کے بعد سائبیریا کے ایک ہسپتال میں کوما میں اور وینٹیلیٹر پر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ان کی ترجمان کیرا یارمیش نے بتایا کہ 44 سالہ الیکسی ناوالنی کام کے سلسلے میں تومسک کے سفر کے بعد سائبیریا سے ماسکو واپس جارہے تھے کہ طیارے میں بیمار ہونے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹی اے ایس ایس کے مطابق وہ سائبیریا کے شہر اومسک کے ایمرجنسی ہسپتال نمبر ایک میں ٹوکسیکولوجی مریضوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہیں۔
ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے بارے میں متضاد معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت مستحکام ہوگئی ہے لیکن یہ بھی کہا کہ ان کی جان کو ابھی بھی خطرہ ہے اور وہ انہیں بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔
کیرا یارمیش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہمارا خیال ہے کہ الیکسی ناوالنی کو ان کی چائے میں زہر دیا گیا تھا، یہی وہ چیز تھی جو انہوں نے صبح پی تھی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زہر گرم چائے جلدی حل ہو گیا تھا’۔
انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر نے پرواز میں سوار ہونے سے قبل ٹومسک ایئرپورٹ کے کیفے میں ایک کپ چائے پی تھی۔