بلوچستان، لیویز فورس کی جدید خطوط پر ازسرنو تشکیل کا فیصلہ

0 35

بلوچستان حکومت نے صوبے میں امن وامان برقرار رکھنے کی ذمہ دار لیویز فورس کو جدید خطوط پر ازسرِ نو تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر 8 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں اس مد میں 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بات ڈی جی لیویز مجیب الرحمٰن قمبرانی نے بتائی، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان لیویز فورس میں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کی جارہی ہیں، ان میں لیویز فورس کی جدید خطوط سے ہم آہنگ نظم و نسق، ٹریننگ کے نصاب، ڈیجیٹلائزیشن، بائیو میٹرک کے نفاذ، جیو میپنگ ڈیٹابیس، تفتیشی مہارت، فارنسک کی مہارت اور بم ڈسپوزل ٹریننگ کے اقدامات شامل ہیں۔

رواں مالی سال کے دوران لیویز فورس کی تنظیم نو اور بہتری کے لیے 1117 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لیویز فورس میں قائم کیے گئے نئے اسپیشل یونٹس کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کثیرالمقاصد رہائشی منصوبے کے لیے 700 ملین روپے جبکہ لیویزچیک پوسٹوں اور لائنز کی تعمیر و مرمت کے لیے 400 ملین روپے سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

مجیب الرحمٰن قمبرانی نے بتایا کہ لیویز فورس کی تنظیم نو کے تحت اس فورس کو مختلف شعبوں میں تقسیم کیا جارہا ہے جن میں آپریشنل ونگ، تحقیقاتی ونگ، انٹیلی جنس ونگ، سریع الحرکت فورس، انسداد دہشت گردی ونگ، بم ڈسپوزل ونگ اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی سیکورٹی کے لیے لیویز کا اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام بھی شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.