
محکمہ موسمیات نے نیا لرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب اور اس سے ملحقہ خلیج کچھ کے اوپر شدید کم دباؤ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا یہ سسٹم اس وقت یہ کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 160 کلومیٹر اور ٹھٹہ سے 140 کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔
سسٹم کے مرکز کے ارد گرد 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ امکان ہے کہ یہ نظام کچھ دیر تک شمال مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا اور پھر مغرب کی طرف (عمان کے ساحل کی طرف) واپس مڑ جائے گا۔
اس سسٹم کے زیر اثر سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الیار ، دادو اور جامشورو جب کہ کل بلوچستان کے علاقے اوتھل، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، آواران اور کیچ میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز سمندر میں شدید طغیانی رہے گی، اس لئے ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
بارش کے اس طاقتور سسٹم کے قریب آنے پر تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے پیش نظر بوسیدہ اور کمزور تعمیرات گرنے کا خدشہ ہے۔




