بلوچ نوجوان کا بریک اور ہینڈل کے بغیر سائیکل پر پاکستان کا چکر لگانے کا عزم
نوشکی: رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے علاقے نوشکی سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے وطن سے محبت کے اظہار کے لیے منفرد انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوشکی سے تعلق رکھنے والے عطا اللہ کا کہنا ہے کہ وہ بغیر ہینڈل اور بریک کی سائیکل کو چلانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ نے کہا کہ وہ اس انوکھے سائیکل پر پورے پاکستان کے سفر کا ارادہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ہینڈل اور بغیر بریک کے منفرد انداز میں پوری دنیا میں کسی نے سائیکلنگ نہیں کی جس پر انہیں کئی ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
عطا اللہ بلوچ نے ہم نیوز کو بتایا کہ وہ چودہ اگست کو کوئٹہ سے سفر کا آغاز کریں گے، بلوچستان سے سندھ، وہاں سے پنجاب اور پھر خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں کا رخ کریں گے۔ عطا اللہ سفر کا اختتام اسلام آباد میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عطا اللہ بلوچ سائیکل پر تین ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس انوکھے سفر سے پاکستان میں قومی یک جہتی کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں۔