
کوئٹہ (آن لائن )برف باری وبارش متاثرہ اضلاع کو ریلیف سے متعلق دعوے دعوے ہی رہے ،ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل دوبندی آج بھی پی ڈی ایم اے کی پہنچ سے دور ہے ،اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،ڈی جی پی ڈی ایم اے سے متاثرین کی داد رسی کی اپیل کردی ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ برف باری اور بارشوں کے بعد حکومت بلوچستان کی جانب سے برف باری میں مشکلات کاسامنا کرنے والے علاقوں کے عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے دعوے تو کئے جاتے رہے ہیں لیکن دوسری جانب ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل دوبندی آج بھی پی ڈی ایم اے کی پہنچ سے دور ہے برف باری کی وجہ سے لوگ گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے ہیں جس کسی انسانی المیہ کا پیشہ خیمہ ہوسکتاہے ،اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،ڈی جی پی ڈی ایم اے سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر پی ڈی ایم اے ٹیم کو تحصیل دوبندی بھیج دیں تاکہ برف میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریلیف پہنچائے اور راستوں کو کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائے کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے سے راستے بند ہیں مختلف بیماریوں میں مبتلا شہری علاج کیلئے کوئٹہ اور دیگر شہر جانا چاہتے ہیں لیکن راستے بند ہونے کی وجہ سے وہ پھنسے ہوئے ہیں محکمہ پی ڈی ایم اے فوری طور پر دوبندی ودیگر علاقوں میں میں برفباری سے متاثرین کی بحالی اور انہیں امدادی سامان پہنچائے تاکہ وہاں انسانی جانوں کی ضیاع کو روکا جاسکے ۔




