ایل این جی کیس،نیب نے شاہد خاقان اور ان کے بیٹے سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دئیے

اسلام آباد:قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت دیگر ملزمان پر ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کر دیا۔نیب راولپنڈی نے سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی کیس کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا ہے ۔ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت پانچ نئے ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جس کے بعد ایل این جی ریفرنس میں ملزمان کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔شاہد خاقان عباسی کی ائیر لائن کے ایم ڈی چوہدری اسلم، ایل این جی ٹرمینلز کے لیے ہائر کیے گئے کنسلٹنٹ فلپ ناٹمین اور ثنا صادق بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی محمد امین کو بھی نیب نے ملزم نامزد کیا ہے۔ضمنی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ائیر لائن کے ایم ڈی چوہدری اسلم کو ائیر لائن کے اکائونٹس میں مبینہ منی لانڈرنگ کی رقوم رکھنے اور منتقل کرنے کے الزام پر نامزد کیا گیا، ائیر لائن کے اکائونٹس مبینہ کِک بیکس اور منی لانڈرنگ کی رقوم کے لیے استعمال ہوئے۔ضمنی ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ائیر لائن کے اکائونٹس سے رقوم عبداللہ خاقان اور دیگر کے اکائونٹس میں منتقل کی جاتی رہیں۔




