سونا نہیں ہمیشہ اپنے پیسوں کے ہیروں کو ترجیح دی، سشمیتا سین

بالی وڈ کی اداکارہ اور سابق مِس یونیورس سشمیتا سین انڈین پریمیئر لیگ کے بانی للت مودی کے ساتھ افیئر کی خبروں پر انٹرنیٹ پر ہونے والی ٹرولنگ کے خلاف برس پڑی ہیں۔
جب سے آئی پی ایل کے بانی للت کمار مودی نے سشمیتا سین کو اپنا ‘بیٹر ہاف’ کہا ہے اس جوڑی کے رشتے پر بہت سی باتیں ہو رہی ہیں، سوشل میڈیا پر جہاں بہت سے لوگ اس جوڑی پر میمز بنا رہے ہیں وہیں بہت سے ایسے بھی ہیں جنہوں نے 46 سالہ سشمیتا سین کو ‘گولڈ ڈگر’ بھی کہا ہے۔ ‘گولڈ ڈگر’ کہنے کا مطلب ہے کہ سشمیتا پیسے کے لیے للت مودی کے ساتھ ہیں۔ تاہم، سشمیتا پہلی اداکارہ نہیں ہیں جنہیں اپنے رشتے کے بعد ایسی باتیں سننے کو ملی ہیں۔ لیکن سشمیتا ان لوگوں میں سے نہیں ہیں جو ان باتوں کو سن کر نظر انداز کردیں بلکہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے ایسی تمام ٹرولنگ کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
اتوار کے روز انسٹاگرام پر سشمیتا سین نے اپنی ایک پوسٹ میں مخالفین پر کڑی تنقید کی، انہوں نے لکھا کہ یہ دیکھ کر دل ٹوٹتا ہے کہ کس طرح ہمارے آس پاس کی دنیا دُکھی ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد دانشور اپنی بیوقوفیوں کے ساتھ، جاہل لوگ اپنی گھٹیا اور مزاحیہ گپ شپ کے ساتھ، وہ دوست اور جاننے والے جن سے میں کبھی ملی ہی نہیں، سب لوگ میری زندگی اور کردار کے بارے میں اپنے رائے اور معلومات دے رہے ہیں، اور ‘گولڈ ڈگر’ کہہ رہے ہیں، واہ یہ ذہین لوگ۔




