پاکستان کو بچانے کیلئے کٹھ پتلی حکومت کا بوریہ بستر گول کرنا وقت کا تقاضا ہے: مولانا واسع
کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان کو بچانے کیلئے کٹھ پتلی حکومت کا بوریہ بستر گول کرنا وقت کا تقاضا ہے، حکمرانوں نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں عوام کو ذلت رسوائی ،معیشت کی بربادی، بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، موجودہ نااہل حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ملک وقوم کے مفاد میں ہے اگر عمران نیازی کی حکومت مزید رہی تو دنیا کے نقشے پر پاکستان کمزور اور ناکام ریاست کے طور پر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔ صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں جتنی اذیت ، ذلت اور رسوائی پاکستانی عوام کو دی گئی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی حکمرانوں نے الیکشن سے قبل عوام کو سبز باغ دکھائے اور دعوﺅں کے وہ پل باندھے جو ان کے بس کی بات نہیں عوام کو پچھلے دو سالوں میں مہنگائی، بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا 100 دن کے منصوبے سال کے منصوبوں میں تبدیل جبکہ 2 سال کا عرصہ گزر جانے کو ہے حکمرانوں کے کئے گئے وعدے آج بھی ادھورے خواب بن کر رہ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہ کرکے رکھ دی گئی ملک کو بدنامی اور رسوائی کے علاہ کچھ نہیں دیا گیا، موجودہ نااہل حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ملک وقوم کے مفاد میں ہے اگر عمران نیازی کی حکومت مزید رہی تو دنیا کے نقشے پر پاکستان کمزور اور ناکام ریاست کے طور پر ہوگا جس کیلئے مملکت پاکستان کو بچانے کیلئے کٹھ پتلی حکومت کا بوریہ بستر گول کرنا وقت کا تقاضا ہے۔