لیبیا: کمانڈر خلیفہ حفتر نے حکومت کی جنگ بندی کو مسترد کردیا
لیبیا کی مشرقی فورسز نیشنل آرمی کے کمانڈرخلیفہ حفتر نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت جی این اے کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کو مسترد کردیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایل این اے کے ترجمان احمد مسماری کا کہنا تھا کہ حریف فورسز جنگ زدہ ملک کے مغرب سے مرکز کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ مشرقی فورسز ساحلی شہر سرت اور جوفرا میں کسی قسم کے حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
خلیفہ حفتر کی جانب سے لیبیا کی حکومت کے جنگ بندی کے اعلان اور تیل کی رکاؤٹیں ختم کرنے کے مطالبے کے بعد پہلا بیان سامنےآیا ہے جبکہ اس سے قبل کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تھا۔
احمد مسماری کا کہنا تھا کہ ‘السیراج جن اقدامات پر دستخط کیے ہیں وہ میڈیا مارکیٹنگ کے لیے ہے، حالانکہ سرت میں ہماری فورسز پر حملے کے لیے فوج اور اسلحہ جمع کیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہاکہ ‘السیراج جنگ بندی چاہتا ہے تو اپنی فورسز کو سرت میں ہماری طرف بڑھنے کے بجائے پیچھے ہٹنے کا حکم دے’۔