ایشین بریڈ مین ظہیرعباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

0 43

لاہور :  سا بق پاکستانی بیٹسمین ظہیر عباس کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس اور آسٹریلیا کی لیزا ستھالیکر بھی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں ۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے عمران خان ، حنیف محمد ، جاوید میانداد ،وسیم اکرم اور وقار یونس بھی آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ظہیر عباس کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ یہ پاکستان کیلئے اعزاز اور فخر کی بات ہے ،حسن اتفاق سے ظہیر عباس کو اپنے 15ویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف 240رنز کی شاندار اننگز کے 46 سال بعد اس اعزاز سے نوازا جارہا ہے ۔یقین ہے کہ جنہوں نے بھی ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کو بیٹنگ کرتے دیکھا ہوگا، وہ ان کے سحر میں مبتلا ضرور ہوئے ہوں گے ۔ شاندار فٹ ورک اور کلائیوں کے عمدہ استعمال نے انہیں دنیا کا ایک عظیم بیٹسمین بننے میں مدد کی۔احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ظہیر عباس کی ایک خاص اہمیت ہے جنہوں نے نوجوان نسل کو اس کھیل کی طرف راغب کیا اور پھر پاکستان میں جاوید میانداد، مدثر نذر، محسن خان، سلیم ملک، رمیز راجہ، اعجاز احمد، انضمام الحق، عامر سہیل، سعید انور، محمد یوسف، یونس خان، مصباح الحق، اظہر علی، اسد شفیق اور بابراعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی پیدا ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس کی کرکٹ سے وابستگی صرف میدان تک محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے بطور ایڈمنسٹریٹر آئی سی سی اور پی سی بی میں بہت ہی باوقار انداز میں خدمات انجام دیں، بلاشبہ وہ آئی سی سی کی جانب سے اس اعزاز کے مستحق تھے ، ظہیر عباس کا یہ اعزاز نئی نسل کے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔ ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ اعزاز ملنے پر فخر اور انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں جبکہ خاندان، اپنے ملک ، گلوسسٹرشائر اور دنیا بھر میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے یہ اعزاز حاصل کرپایا اور اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.