
اسلام آباد: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے گائوں فتح پور میں 18سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گائوں فتح پور میں 18سالہ لڑکی شہید ہوگئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 بچیوں سمیت 6 شہری زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی 1877 خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں، رواں سال بھارتی فائرنگ سے 6 خواتین اور 5 بچیوں سمیت 15 شہری شہید ہوئے۔بھارتی فائرنگ سے اب تک 46 خواتین اور 37 بچوں سمیت 144 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔



