انگلینڈ کے دورے پر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،عابدعلی

0 58

ساؤتھمپٹن : قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے اعتراف کیا ہے کہ انگلینڈ کے دورے پر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور اگرچہ وہ پلان کے مطابق کھیلے مگر مزید لمبی اننگز بھی کھیلی جا سکتی تھیں۔عابد علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کھیلنا ایک مشکل ٹاسک ہی نہیں بلکہ کنڈیشنز کی وجہ سے ایک سخت چیلنج بھی تھا لیکن پہلی مرتبہ یہاں آکر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا جو مستقبل میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔ دائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ انہیں وکٹ پر زیادہ سے زیادہ وقت تک رک کر کھیلنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ آنے والے بیٹسمینوں کو آسانی حاصل ہو سکے لہٰذا وہ سیریز کے دوران اسی انداز سے کھیلے اور ملی جلی کارکردگی پیش کی مگر مزید لمبی اننگز بھی کھیلی جا سکتی تھیں۔عابد علی کا کہنا تھا کہ انگلش بالنگ اٹیک اپنی کنڈیشنز میں زبردست ہے جس کیخلاف کھیلنے کی انہوں نے کافی تیاری کی ہوئی تھی اور پہلے سے ہی اس بات کا علم تھا کہ کریز پر قدم جما کر کھیلنا ہوگا اور انہوں نے یہ چیلنج قبول کیا تاہم بدقسمتی سے کوئی لمبی اننگز نہ کھیلی جا سکی جس کا افسوس رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دورے میں پلیئرز کا وقت بہت اچھا گزرا اور بائیو سیکیور ماحول سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی جبکہ کرکٹ پر متوجہ رہتے ہوئے ذہنی یا جسمانی طور پر کسی پریشر کا سامنا نہیں رہا۔عابدعلی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو اظہرعلی اور بابراعظم جیسے بیٹسمینوں کا ساتھ حاصل ہے اور بہترین کرکٹ سے کھیل کا نقشہ بدلا جا سکتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.