اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کا مینڈیٹ نہیں ہے، سوڈانی وزیر اعظم
سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک نے امریکی سیکریٹری خارجہ پر واضح کیا ہے کہ ان کے پاس اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو اسرائیل کے دورے کے بعد سوڈان پہنچے اور یہ امریکا اور سوڈان کے درمیان ایک عرصے میں پہلی براہ راست سرکاری پرواز ہے۔
پومپیو، امریکا اور سوڈان کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پہنچے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک اور حکمران کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان سے ملاقات کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ سوڈان میں اقتدار کی جمہوری طریقے سے منتقلی نسلوں بعد میسر آنے والا بہترین موقع ہے۔
سوڈان اس وقت معاشی بحران سے دوچار ہے اور سوڈانی حکام مطالبہ کر رہے ہیں کہ امریکا انہیں دہشت گرد ممالک کی فہرست سے نکالے کیونکہ اسی وجہ سے وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری سے قرض نہیں لے سکتے۔
پومپیو کے حالیہ دورے کے بعد اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت دونوں ملکوں کے تعلقات بھی بحال ہو گئے ہیں اور اب مزید عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا امکان ہے۔