سی پیک : بھارت مایوس، بے بنیاد دعوے مسترد : پاک چین مشترکہ علامیے پر بیان پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینا تاریخی اور حقائق کے بالکل برعکس : پاکستان
اسلام آباد پاکستان چین کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اعلامیے بارے ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ تبصروں کو پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو ہندوستان کا نام نہاد ‘‘اٹوٹ انگ ’’اور‘‘اندرونی معاملہ’’ قراردینا، مسخرانہ ہے ،جو تاریخی اور قانونی حقائق کے بالکل برخلاف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خلاف ورزی ہے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک )کے خلاف ہندوستان کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کو بھی واضح طور پر مسترد کرتے ہیں ، جو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مایوس کن بھارتی کوششوں کا ایک اور مظہر ہے ۔تاریخی ، قانونی یا اخلاقی اعتبار سے ہندوستان کے پاس کوئی ٹھوس موقف نہیں ہے ۔ بھارت کی جانب سے جھوٹے دعوؤں کی بازگشت نہ تو حقائق کو تبدیل کرسکتی ہے اور نہ ہی بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹا سکتی ہے ۔بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کیے ہوئے ہے ۔ جھوٹے اور گمراہ کن دعوئوں کا سہارا لینے کے بجائے بھارت کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہئے ۔ بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیرقانونی اور جبری قبضے کو فوری طور پر ختم کرنا چاہئے ، اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔ دوسری جانب چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ جھوٹ اور پروپیگنڈے سے سی پیک کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،ایسے لوگ منفی باتوں کو پھیلانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سی پیک میں ملازمتوں کے متعلق جھوٹ پرمبنی خبروں کو نظر انداز کیا جائے ۔ سی پیک میں روزگار سے متعلق اشتہارات ویب سائٹ پر لگائے جائیں گے ۔