میر حاصل بزنجو کی نما زجنازہ ادا کردی گئی
نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو کی نما زجنازہ خضدار میں اُن کے آبائی علاقے نال میں ادا کردی گئی۔ میر حاصل بزنجو کی نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں سمیت عوام بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ سینیٹر میر حاصل بزنجو کی تدفین آبائی علاقے نال کے قبرستان میں کی جائے گی۔
اس سے قبل نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی میت کراچی سے بلوچستان کے لیے روانہ کی گئی۔ سینیٹر میر حاصل بزنجو کی میت صبح سویرے نیشنل اسٹیڈیم پر واقع نجی اسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی جہاں پر سینیٹر حاصل بزنجو کی میت کو غسل دیا گیا جس کے بعد میت کو بلوچستان روانہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر حاصل بزنجو پھیپڑوں کے سرطان کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔