کھیل

پی سی بی کو بھی پی ایس ایل میں تماشائیوں کی کمی کھٹکنے لگی

لاہور: پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکا ، آفیشلز، مقامی انتظامیہ اورسکیورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پلے آف مرحلے کے سنسنی خیز میچز میں تماشائیوں کی کمی شدت سے محسوس کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے نا صرف ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر ہوا بلکہ آئندہ سال مزید غیر ملکی ٹیمو ں کے دورے کیلئے بھی راہیں ہموار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے کوئی ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے جس سے آئندہ سال پی ایس ایل اور دیگر انٹرنیشنل میچوں میں شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے کامیاب انعقاد کیلئے پرامید ہیں، آئندہ سال جنوری ،فروری میں جنوبی افریقی ٹیم کی میزبانی کے منتظر ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑی ایک مرتبہ پھر 2021 میں پی ایس ایل کیلئے یہاں آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کراچی کنگز کو خا لی سٹیڈیم میں جیت کا جشن منانا پڑا ،یہ ایک بڑا میچ تھا جس میں شائقین کی کمی محسوس کی گئی اور اگر حالات موافق ہوتے تو فائنل کا ماحول مختلف ہوتا۔ احسان مانی نے کہا کہ وہ پلے آف میچوں کیلئے کراچی آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ ان مداحوں کے بھی مشکور ہیں جو بھرپور انداز سے ٹی وی سکرین، لائیو سٹریمنگ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک رہے اور لیگ کی قدر و منزلت بڑھانے کے ساتھ مختلف پلیٹ فارمز پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button