معیشت کیلئے خوشخبری: بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ قوم بھیجیں ، عمران خان

0 29

اسلام آباد :  وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستانی معیشت کیلئے ایک اور خوشخبری ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے جولائی 2020 میں بھجوائی جانے والے ترسیلات زر2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا یہ ملکی تاریخ میں ایک ماہ میں بھجوایا جانے والا سب سے زیادہ سرمایہ ہے ۔ یہ ترسیلات زر جون 2020 کی نسبت 12.2 فیصد جبکہ جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جولائی میں سعودی عرب سے 82 کروڑ 16 لاکھ، متحدہ عرب امارات سے 53 کروڑ 82 لاکھ ،برطانیہ سے 39 کروڑ 39 لاکھ اور امریکا سے 25 کروڑ 6 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ۔ ترسیلات زر کی شرح نمو پچھلی دہائی کے دوران عیدالاضحی کے حوالے سے ہونے والے موسمی اضافے سے تقریبا ً دگنی ہے ۔دریں اثنا وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیرِاعظم نے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور گورنر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات تجویز کیے جائیں۔ علاوہ ازیں عمران خان کی زیر صدارت ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے ، جس سے سماجی و معاشی ترقی کا نیا باب روشن ہوگا، عوام کو سفر اور مال برداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ایم ایل ون منصوبے سے نہ صرف ریلوے کا نظام جدید اور مضبوط ہوگا بلکہ اس منصوبے سے ہنرمندوں اور تربیت یافتہ افراد کے لیے نوکریوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی عمل کو فروغ ملے گا، کاروباری برادری کے لیے جہاں کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں گی وہاں کاروباری لاگت میں واضح کمی واقع ہوگی اور سماجی و معاشی ترقی کا نیا باب روشن ہوگا۔ انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین میں ہمارے پیش نظر عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی ہے ۔بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے بھی اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں میں متفقہ تبدیلیوں سے قیمت میں کمی سے گردشی قرضہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔پاور سیکٹر سے ملکی معاشی شرح نمو متاثر ہو رہی ہے اور شعبہ کی فوری اوور ہالنگ و اصلاحات کا عمل صارفین پر دباؤ کم کرنے کیلئے ضروری ہے ۔ عمران خان نے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ کے حوالہ سے قبل ازیں منظور کئے گئے روڈ میپ پر جلد از جلد عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بھی ہدایت کی کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوران حاصل ہونے والی بڑی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.