کورونا وبا: 92 فیصد مریض صحتیاب، 666 نئے کیسز رپورٹ
ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے جس کے باعث صحتیاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد بڑی حد تک کم رہ گئی ہے۔
آج ملک میں مزید 666 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 5 مریض وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس سے 15 اگست کو ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 88 ہزار461 جبکہ اموات 6 ہزار 166 ہوگئیں۔
اس کے علاوہ مزید 409 مریض کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 624 ہوگئی۔ پاکستان میں 26 فروری کو پہلے 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وائرس کا پھیلاؤ نسبتاً سست رہا اور اپریل میں اس میں تیزی آنی شروع ہوگئی۔