کھیل

بیروزگار خواتین کرکٹرز کیلئے 3ماہ کے امدادی پیکج کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بے روزگار خواتین کرکٹرز کی مدد کے لیے تین ماہ کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں فی کس 25ہزار روپے ماہوار دیے جائیں گے۔

بورڈ اپنی ڈیوٹی آف کیئر پاليسی کے تحت خواتين کرکٹرز کے لیے تين ماہ کے امدادی پيکج کا اعلان کیا ہے اور خواتین کرکٹرز کی مالی امداد کی یہ تجویز عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والے ویمنز ونگ نے پيش کی تھی جسے چيئرمين پی سی بی احسان مانی نے منظور کر لیا

اس اسکيم سے 25 خواتين کرکٹرز مستفید ہوں گی جنہیں اگست سے اکتوبرتک ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔

ان 25 خواتين کرکٹرز کا اعلان کردہ اسکیم کے لیے انتخاب اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعد کیا گیا ہے اور تین ماہ پر مشتمل اس اسکیم کے لیے اہلیت کا مقررہ معیار کچھ یوں ہے۔

ڈوميسٹک سيزن 20-2019 کا حصہ ہونا، سيزن 21-2020 کے لیے کنٹريکٹ نہ ملنا اور فی الحال آمدن کا کوئی ذریعہ (نوکری، کنٹریکٹ یا کاروبار) نہ ہونا۔

کورونا وائرس کی وبا سے کرکٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جس کے سبب پیدا شدہ موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ان 25 خواتین کرکٹرز کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ جون ميں خواتين کرکٹرز کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان بھی کرچکا ہے جس کے مطابق 9 سنٹرل کنٹريکٹ يافتہ اور اتنی ہی ایمرجنگ کھلاڑیوں کو دیے گئے 12 ماہ پر مشتمل کنٹريکٹ کا اطلاق يکم جولائی 2020 سے ہوچکا ہے۔

حالیہ اعلان کے بعد اب پی سی بی فی الحال مجموعی طور پر 43 خواتین کرکٹرز کی امداد کررہا ہے۔

پی سی بی کی ویمنز ونگ کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کے باعث دنيا بھر ميں خواتين کرکٹ کی سرگرمياں رکی ہوئی ہیں اور اس وبا سے ہماری خواتين کرکٹرز بھی بہت متاثر ہوئی ہيں جن ميں سے کچھ تو ایسی ہیں جو اپنے خاندان کی واحد کفيل ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button