اسلام آباد:تھانہ گولڑہ سے ملزمان نے مقدمات واپس نہ لینے پر جوان سالہ لڑکا اغوا کرلیا

اسلام آباد(آن لائن)تھانہ گولڑہ کے علاقے گولڑہ ٹاؤن سے ملزمان نے مقدمات واپس نہ لینے پر جوان سالہ لڑکا اغوا کر لیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے کچھ اور لوگوں کے ساتھ مل کر سائل کے شوہر اور بیٹا غلام مصطفی کو ایک ڈیڑھ ہفتہ پہلے دھمکیاں دی تھیں کہ آپ نے مقدمات واپس نہ لئے تو ہم آپ کو جان سے مار دیں گے۔مورخہ 19/2/22 کو میرے بھائی محمد بلال اعظم المعروف حکیم عاصم نے فون کر کے میرے بیٹے غلام مصطفی کو بلایا کہ آپ آؤ تا کہ آپ کے اور آپ کے والد کے معاملات حل کروا دیں۔میرا بیٹا تقریبا پانچ بجے شام ان کے کہنے پر ان سے ملنے گیا۔اور تاحال واپس نہ آیا ہے۔جس پرسائلہ اور اس کے شوہر کو تشویش لاحق ہوئی۔اور تلاش شروع کر دی۔لیکن میرے بیٹے کا کچھ پتہ نہ چلا۔جس پر ملزمان کے ساتھ متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔لیکن تمام کوششیں بے سود رہیں۔قانونی کاروائی کی جائے۔تھانہ گولڑہ پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 352 بجرم 365 درج کر کے تفتیش شروع کر دی



