
کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی نے گوادر میں ہونے والے بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان حکومت گوادر کو بنیادی سہولیات دینے میں مکمل دینے میں ناکام ہو چکی ہے، گوادر میں خودکش حملہ صوبائی حکومت کی ناکامی کا بڑا ثبوت ہے واقعہ کے بعد وزیر داخلہ کو فوری طور پر مستعفی ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میر حمل کلمتی نے کہاکہ صو با ئی حکومت گوادر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے وزیرداخلہ گوادر کے منتخب نمائندے پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں جب تک موجودہ ناکام اور سلیکٹڈ حکومت عوام اور صوبے پر مسلط ہے اس وقت تک حالات کی بہتری ممکن نہیں، انہوں نے کہاکہ گوادراور سی پیک کے نام پر جس ترقی کے صوبائی حکمران دعوے کررہے ہیں وہ محض لفاظی ہے گوادر میں معصوم بچوں کو شہید کرنا بزدلانہ عمل ہے جس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے صوبائی حکومت گزشتہ تین سالوں کے دوران صرف اور صرف کرپشن لوٹ مار میں مصروف ہے اور اب تک سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ اور نہتے لوگ بم دھماکوں میں شہید ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے اور حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔




