بارش کے بعد کراچی میں مسائل: کہیں پانی نکل گیا تو کہیں حالات جوں کے توں
کراچی: مون سون کے چھٹے سپیل نے شہر قائد میں تباہی مچا دی۔ کورنگی کراسنگ اور کیماڑی میں کہیں پانی نکل گیا تو کہیں حالات جوں کے توں، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، پیراڈائز اور کورنگی کراسنگ پر 2 افراد جاں بحق جبکہ پانی میں بہہ جانے والے کئی افراد کی تلاش جاری ہے۔
ملیر کا کوہی گوٹھ پانی پانی ہوگیا۔ بارش کے 24 گھنٹے بعد بھی گلیوں، سڑکوں اور گھروں سے پانی نہ نکل سکا۔ برساتی ریلے میں جانور مر گئے۔ گھروں کا قیمتی سامان بہہ گیا، شہری بے یارو مددگار غیبی امداد کے منتظر ہیں۔
علی مراد گوٹھ بھی سیلاب زدہ علاقے کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں کئی فٹ پانی اب بھی گھروں اور گلیوں میں کھڑا ہے، نکاسی آب نہ ہونے سے علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔بارشوں سے اس بار سب سے زیادہ ضلع ملیر متاثر ہوا، خصوصاً مضافات میں بسنے والوں کی تو زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے قائد آباد کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کمیٹی کمیٹی بہت کھیل لیا، اب ایکشن کا وقت ہے۔