‘ایف اے ٹی ایف کے نام پر عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے’
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) کے نام پر عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی اور ان کے گزشتہ روز کے بیان پر کہا کہ عمران نیازی اپوزیشن آپ سے این آر او نہیں مانگ رہی، آپ تو این آر او دے چکے ہیں جب رات کی تاریکی میں آپ نے جہانگیر ترین کو فرار کرایا تھا تو آپ نے چینی مافیا کو این آر او دے دیا تھا۔
بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جب آپ نے وزیراعلیٰ کی پشت پر ہاتھ رکھا اور کہا کہ یہ نہیں جارہا تو آپ نے آٹا مافیا کو بھی این آر او دے دیا، مزید یہ کہ آپ نے جب وزیرصحت کو دوائی اسکینڈل میں ہٹا دیا لیکن انہیں پارٹی کا سیکریٹری جنرل لگا دیا تو آپ نے انہیں بھی این آر او دے دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب آپ نے بی آر ٹی کے منصوبوں پر عدالتوں سے حکم امتناع لیا تو آپ نے این آر او دے دیا اور جب آپ غیرملکی فنڈنگ کیس سے رائے فرار اختیار کرتے ہیں تو آپ وہاں بھی این آر او لے چکے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس وقت بدعنوانی کا سب سے زیادہ تحفظ عمران خان کی حکومت کر رہی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے جن ترامیم پر اتفاق کیا تھا آخری وقت میں قومی اسمبلی میں ان ترامیم سے پیچھے ہٹ گئی۔
ترامیم سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وہ ترامیم یہ تھیں کہ ہم نہیں چاہتے کہ یہ کالا قانون بنے اور یہ بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال ہو، حکومت چاہتی ہے کہ ایف اے ٹی ایف کا نام استعمال کرکے وہ ایک اور کالا قانون ملک میں نافذ کردے اور اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈال سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کے نام پر پاکستان کو ایک فاسشٹ (فسطائی) ریاست نہیں بننے دیں گے، ایف اے ٹی ایف کے نام پر عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔