امریکہ میں سیاہ فام شہری پر پولیس فائرنگ کے خلاف پرتشدد احتجاج
واشنگٹن: امریکہ میں پولیس کی سیاہ فام شہری پر فائرنگ کے خلاف پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن میں مظاہرین نے پر تشدد احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جس کے بعد ریاست کے گورنر نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
مظاہرین نے وسکونسن سٹی سینٹر کو آگ لگا دی جبکہ متعدد ٹرکوں اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ حالات قابو میں رکھنے کے لیے فوج کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پولیس نے جیکب بلیک نامی سیاہ فام شہری کو سات گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا، شہری کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا گولیاں لگنے سے کمر کے نیچے سے معذور ہو چکا ہے اور اب وہ کبھی نہیں چل سکے گا۔
دو ماہ قبل بھی امریکی سیاہ فام 26 سالہ بریونا ٹیلر سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئی تھی۔ جون میں ہی امریکہ پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام شخص ہلاک ہو گیا تھا جس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے بھاگنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس نے نوجوان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ ہلاک ہو گیا تھا۔