اسرائیلی وزیراعظم کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، 30 مظاہرین گرفتار
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے کی پاداش میں 30افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں افراد نے بنیامین نیتن یاہو کے خلاف ریلی نکالی ہے۔وہ ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے تھے اور ان کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔انھوں نے ’’مجرمِ اعظم‘‘ اور ’’مجرم منسٹر‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔
مظاہرین ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وزیراعظم کی سرکاری اقامت گاہ کے باہر جمع ہوئے تھے۔ مقامی میڈیا کے تخمینے کے مطابق مظاہرین کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ تھی۔اسرائیلی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس احتجاجی ریلی کے دوران میں تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے مظاہرین پر الزام عاید کیا ہے کہ ان کی متشدد سرگرمی سے یہ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور گرفتار کیے گئے افراد میں سے تین کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔