پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کا وزیراعلیٰ بزدار پر اظہار اعتماد
لاہور : وزیر اعلی ٰپنجاب عثمان بزدارسے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرکی قیادت میں اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتمادکا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف منظم پراپیگنڈے کی مذمت کی۔عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی میرے لئے بے حدقابل احترام ہیں۔پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کا اعتماد میرے لئے اعزاز ہے ۔وزیراعلیٰ آفس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے پنجاب کے ترقی کے سفرکو آگے بڑھارہے ہیں۔ ایم پی ایز کے ساتھ ساتھ ایم این ایزکی رائے کو بھی اہمیت دے رہے ہیں۔مشکل حالات کے باوجودپنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی دست و بازو ہیں،ان کا کوئی جائز کام نہیں رکے گا۔اراکین اسمبلی کے جائز کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔اراکین اسمبلی کے عزت و احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے ۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہم نے ملکر وزیراعظم عمران خان کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے ۔پنجاب حکومت اوراراکین قومی اسمبلی کے درمیان ایسے رابطوں کا سلسلہ مستقل جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار فرداً فرداً ہر رکن قومی اسمبلی کی نشست پر گئے اور حال احوال دریافت کیا۔ اراکین قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ادھر وزیر اعلیٰ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ون ونڈو سمارٹ سروس سنٹر کا افتتاح کیا۔عثمان بزدار نے سمارٹ سروس سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے سمارٹ سروس سنٹر میں تمام سہولتیں یکجا کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو سمارٹ سروس سنٹر کا قیام خوش آئند ہے ۔ صدر لاہورچیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ نے وزیراعلیٰ کو ون ونڈو سمارٹ سروس سنٹرمیں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔بعدازاں عثمان بزدارنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے مجھے بلایا اورمیں پیش ہوا۔جس طرح میں اکیلا گیا آپ سب کے علم میں ہے ۔نیب نے مجھے بطور ملزم نہیں گواہ بلایا۔نیب کے سوالات کا جواب دوں گا۔دامن صاف ہے ، ڈرنے کی ضرورت نہیں۔نیب کو تمام سوالات پر مطمئن کروں گا۔عمران خان کا ہمیشہ مجھ پر اعتماد رہا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کا اعتماد ہی ہے کہ میں یہاں بیٹھا ہوں۔انہوں نے کہا میرے ہاتھ صاف ہیں، اب فرنٹ فٹ پر کھیلیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی ٰ پنجاب نے کہا پنجاب میں آٹا مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے ۔دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے ۔ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اتھارٹی کو مکمل طورپر بااختیار بنایاگیاہے ۔یہ اتھارٹی خود فیصلے کر کے اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ روزمرہ کے امور بھی اتھارٹی خود دیکھے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم پی ایز کی طرح اراکین قومی اسمبلی بھی ملاقات کیلئے آتے ہیں۔عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ قبل ازیں لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں اورتاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ون ونڈوسمارٹ سروس سنٹرمیں بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمارٹ سروس سنٹر قائم کرنے والا پہلا چیمبر ہے ۔پنجاب کے دیگر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی سمارٹ سروس سنٹر قائم کرنے چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت صنعتکاروں اورتاجروں کیلئے آسانیا ں پیدا کررہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ لاہورشہر میں نئے پارکنگ پلازہ کی تعمیرپر کام شروع کریں گے ۔زرعی ریسرچ اداروں کو اب کام کرکے دکھانا ہوگا۔ہر ادارہ کام ٹھیک کرے گا تو معاملات خود بخود درست ہوجائیں گے ۔